کراچی: کورنگی 51سی کے گھر میں موبائل فونز چوری کی واردات کے بعد ملزمان ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں مصروف رہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی 51-سی میں موبائل فونز کی چوری کا انوکھا واقعہ سامنے آگیا، جہاں مبینہ طور پر نشے کے عادی افراد چوری کے بعد چوری شدہ موبائل سے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے میں مصروف رہے۔
مبینہ ملزمان کی چوری شدہ موبائل فون سے ٹک ٹاک بنانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔
شہری نے بتایا کہ تین روز قبل چور گھر میں داخل ہوکر دو موبائل فون لے اُڑے، حیران کن طور پر تین دن بعد چوروں نے انہی میں سے ایک موبائل فون سے دوست کے اکاؤنٹ پر ٹک ٹاک ویڈیو اپ لوڈ کردی۔
وائرل ویڈیو میں دو افراد نشہ کرتے اور ویڈیو بناتے ہوئے واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔
شہری کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر "آئس یا کرسٹل” جیسا خطرناک نشہ کررہے تھے۔
ویڈیو میں دونوں کے چہرے صاف دکھائی دے رہے ہیں، جس کے بعد شہری نے ویڈیو پولیس کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں مدد مل سکے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


