بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

جامعہ کراچی میں تعلیمی بحران، طلبا نے 10 نکاتی مطالبات پیش کردیے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : جامعہ کراچی میں تعلیمی بحران کے حل کے لئے طلبا نے 10 نکاتی مطالبات پیش کردیے،تاکہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں جاری تعلیمی بحران، طویل تعلیمی تعطل اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کے نمائندہ مطالبات پیش کیے گئے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 روز سے زائد عرصے سے جاری تعلیمی تعطل نے ہزاروں طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث فوری اور عملی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

پریس کانفرنس میں پیش کیے گئے 10 نکاتی مطالبات میں تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات، امتحانات کے شیڈول اور اکیڈمک کیلنڈر کے فوری اعلان، اساتذہ کے واجبات کی ادائیگی، فیسوں میں اضافے پر نظرثانی اور طلبہ دوست پالیسی اپنانے کا مطالبہ شامل تھا۔

طلبہ نمائندوں نے کلاس رومز، فرنیچر، پنکھوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری، لیبارٹریز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے، ٹرانسپورٹ اور کھیلوں کی سہولیات کو مؤثر بنانے اور نصاب کو روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے جامعہ میں طلبہ کے تحفظ، سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی، بیرونی عناصر کے داخلے کی روک تھام اور فیصلہ سازی کے نظام میں طلبہ کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ یونین انتخابات کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔

طلبہ نمائندگان نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ پیش کردہ نکات پر فوری عمل درآمد کیا جائے تاکہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر طلبہ کے جائز مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں