خواتین پر حملہ کرنے والا ملزم جامعہ کراچی کے طالبات کو بھی ہراساں کیا کرتا تھا karachi
The news is by your side.

Advertisement

خواتین پرحملہ آور ملزم سے متعلق جامعہ کراچی کی طالبہ کے چشم کشا انکشافات

کراچی : گلستان جوہر میں خواتین پر چھری سے وار کرنے والا ملزم مبینہ طور پر جامعہ کراچی کی طالبات کو بھی ہراساں کیا کرتا تھا.

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہرمیں تیز دھار چاقو سے راہ چلتی خواتین پر حملہ کرنے والے ملزم کا حلیہ منظرعام پر آنے کے بعد سے اہم انکشافات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے.

جامعہ کراچی کے ایک سابق پروفیسر کا کہنا تھا کہ کالی پینٹ، کالا ہیلمٹ، درمیانہ قد کے حامل ملزم کے بارے میں اب سے کچھ سال قبل جامعہ کراچی میں بھی بازگشت سنی گئی تھی.

سابق پروفیسر کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلےجامعہ کراچی میں اسی حلیے کا شخص طالبات کو ہراساں کرتا تھا جس کی باقاعدہ گرلز ہاسٹل کی طالبات نے کئی بار شکایتیں بھی درج کرائیں تھی جس کے باعث طالبات خوف و ہراس کا شکار ہو گئی تھیں.

ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی کے گرلز ہاسٹل کی طالبات نے کالے کپڑے اور ہیلمٹ پہنے دبلے پتلے شخص کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر 36 شکایتیں درج کرائی تھیں جس کے بعد جامعہ میں سیکیورٹی کو سخت کردیا گیا تھا.


خواتین پرچاقوسےحملہ، ملزم کی تصاویرجاری، گرفتاری پرپانچ لاکھ روپے کا انعام 


دوسری جانب اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق طالبہ نے انکشاف کیا کہ2 سال پہلےاسی حلیے کا شخص طالبات کو ہراساں کرتا تھا ملزم نے مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کی تو مزاحمت کی تھی.

سابق طالبہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اس حلیے کے ایک ملزم کے خلاف گرلز ہاسٹل کی طالبات نے شکایات درج کرائیں تھیں جب کہ ایک بار ملزم کو پکڑ لیا گیا تھا اور ملزم کو رینجرز کے حوالے کردیا گیا تھا.

اے آر وائی نیوز پرملزم سے متعلق جامعہ کراچی کی سابق طالبہ کے چشم کشا انکشافات کی روشنی میں پولیس نے فوری تحقیقات کے لیے کل جامعہ کراچی جا کر طالبات کی شکایات کا جائزہ لینے اور سیکیورٹی حکام سے معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے.


کراچی: چاقو کے وار سے ایک اور خاتون زخمی، تعداد 7 ہوگئی


خیال رہے کہ 20 ستمبر سے کل تک چاقو بردار شخص نے گلستان جوہر کے مخصوص علاقے میں سات خواتین پر حملہ کرکے زخمی کردیا ہے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور خواتین مغرب کے بعد اکیلے باہرنکلنے سے خوف زدہ دکھائی دے رہی ہیں.

یاد رہے گزشتہ روز ڈی آئی جی ایسٹ نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کی ہیلمٹ پہنے تصاویر جاری کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری پر پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا.


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں