تازہ ترین

کراچی میں متعدد گاڑیاں نالے میں جاگریں

کراچی: شہر قائد میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچادی، شاہین کمپلیکس پر پارکنگ بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں نالے میں جاگریں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شاہین کمپلیکس کے قریب نالے پر بنی پارکنگ بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں نالے میں جاگریں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نالے پر بنی پارکنگ میں بارش کے باعث گڑھا پڑا ہوا ہے اور پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں اس میں دھنسی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جس کے باعث نظام زندگی مکمل طورپردرہم برہم ہوگیا۔ شہرمیں متعدد سڑکیں اورشاہراہیں ایک بار پھر تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے.

شہر میں بارش کے بعد بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا اور بارش کی وجہ سے 5 گھنٹے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کوفون کیا اورصوبہ میں حالیہ بارشوں پرتشویش کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے گورنر سندھ کو ریلیف کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو اس مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

Comments

- Advertisement -