کراچی:سولجر بازار میں گیس لیکیج دھماکے سے عمارت گرنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی، اہل علاقہ نے بتایا عمارت کےرہائشی شاہدنےجیسے ہی ماچس جلائی دھماکا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے عمارت گرنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکہ سحری کےوقت 3بجکر 47 منٹ پر ہوا اور چند ہی سیکنڈ میں اہل علاقہ گھروں سے باہر نکل آئے۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ عمارت کے رہائشی شاہد نے ماچس جلائی تو گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا۔
گذشتہ روز سولجر بازار میں گیس لیکیج دھماکے سے عمارت گرنے کے واقعے میں 16 افراد جاں بحق افراد ہوگئے تھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج نے بتایا تھا کہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا سلنڈرنہیں پھٹا بلکہ گھر کے کچن میں گیس کی فٹنگ بھی ناقص تھی۔
عابد فاروق کا کہنا تھا کہ جگہ جگہ گیس کی سپلائی کیلئے پلاسٹک کے پائپ استعمال کیے گئےہیں، پلاسٹک پائپ اور جوائنٹس کے باعث گیس کی لیکیج زیادہ ہوتی ہے۔
انھوں نے بتایا تھا کہ عمارت میں گیس کھینچنے والی مشینیں بھی لگی ہوئی ہیں ، بتایا گیا کہ علاقےمیں کئی روز سے گیس نہیں آرہی تھی، گزشتہ رات اچانک گیس کی تیز سپلائی شروع ہوئی۔
انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مزید کہا تھا کہ ممکنہ طور پر گیس چابی کھلی رہنے، شارٹ سرکٹ یا ماچس جلانے سے دھماکا ہوا، کراچی میں اکثر واقعات گیس کے اخراج سے ہوتے ہیں، سلنڈر دھماکے سے نہیں۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


