اتوار, مارچ 15, 2026
اشتہار

کراچی میں گزشتہ 7 روز سے جاری پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پورٹ قاسم کےقریب پھٹنے والی پانی کی لائن کی مرمت 30 گھنٹے بعد بھی مکمل نہ ہوسکی، جس کے بعد پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 7 روز سے جاری پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں ایک طرف پائپ لائنیں پھٹنے سے سپلائی معطل ہے تو دوسری جانب بجلی کے بریک ڈاؤن نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔

کراچی میں ایک ہفتے کے دوران پہلے 84 انچ قطر کی مرکزی لائن اور اب پورٹ قاسم کے قریب 54 انچ قطر کی لائن پھٹنے سے شہر کے بڑے حصے میں پانی کی فراہمی منقطع ہو چکی ہے۔

30 گھنٹے گزرنے کے باوجود مرمت کا کام مکمل نہیں ہو سکا ہے، جس کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل اور گلشن اقبال سمیت صدر ٹاؤن کے شہری بوند بوند پانی کے لیے پریشان ہیں۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے کریک ڈاؤن کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دے دیا ہے۔

واٹر بورڈ نے کے الیکٹرک کو لکھے گئے ایک مراسلے میں خبردار کیا ہے کہ اگر 11 کے وی فیڈرز کی خرابی دور نہ کی گئی تو آنے والے ماہِ رمضان میں پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔

لائنیں پھٹنے کے باعث اب تک ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو چکا ہے جبکہ لانڈھی اور شیر پاؤ ہائیڈرنٹس بھی مکمل طور پر بند ہیں۔

واٹر کارپوریشن کی جانب سے اتوار کو پھٹنے والی لائن کی مرمت منگل تک مکمل ہونے کا عندیہ دیا گیا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ مرمت مکمل ہونے کے باوجود تاحال فراہمی معمول پر نہیں آسکی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں