کراچی (23 جنوری 2026): کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے موسم اچانک سرد ہوگیا ہے اور اب محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم سرد ہے جہاں دن میں درجہ حرارت 20 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، شہر میں سردی کی نئی لہر ایک ہفتے تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے اور درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک جا سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی میں صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، نمی کا تناسب 21 فیصد ہے جبکہ شمال مغرب سے خشک اور ٹھنڈی ہوائیں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے، یخ بستہ ہواؤں نے پارہ چھ ڈگری تک گرا دیا جبکہ چار ڈگری کی سردی محسوس کی جا رہی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق سردی اور بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع ابرآلود اور وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے، شہر میں بارش کے دوران گرد آلود تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 26.3 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی تھی، نارتھ کراچی میں 20 جبکہ گلشن معمار میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


