کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ تین دن تک تیز ہواؤں اور درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بھی رات گئے سرد ہوائیں چلنے سے موسم ٹھنڈا ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے شہر میں تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ تین دن تک تیز ہواؤں اور درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی ہے۔
دوسری جانب ملک کے شمالی علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے، کشمیر، گلگت بلتستان، دیر اور چترال میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں آج درجہ حرارت منفی تین ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں موسم سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بعض علاقوں میں رات کے وقت سردی کے اثرات محسوس ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں اور صبح کے وقت محدود دھند کی وجہ سے سڑکوں پر محتاط رہیں۔


