کراچی : محکمہ موسمیات کی کراچی میں بارش کے حوالے سے اہم پیش گوئی کرتے ہوئے کہا فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق میں گرمی اور حبس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ آج بھی شہر کا موسم گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
آج صبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اس وقت موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد تک پہنچنے کی وجہ سے گرمی کی اصل شدت درجہ حرارت سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ اس وقت شہر میں جنوب مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، تاہم فی الحال شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
طبی ماہرین اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوپہر کے وقت بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے پرہیز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھاربارش کےبعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہے۔
راولپنڈی میں سب سے زیادہ انتالیس جبکہ اسلام آباد میں تیس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی تاہم محکمہ موسمیات نے شام تک مزید بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


