کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں شدید ہیٹ ویو کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا محسوس کیے جانے والے درجہ حرارت کی شدت 50 سے 52 سینٹی گریڈ محسوس کی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور موسم شدید گرم اور مرطوب ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے 12 جون تک کراچی میں شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے، جس کے دوران درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ سمندری ہواؤں کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد سے کم نہیں ہو رہا، جس کے باعث گرمی کی اصل شدت ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت سے 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
ہواؤں کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے شہر میں شدید گھٹن اور حبس کی صورتحال رہے گی۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ آج دن میں پارہ 37 سے 39 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔


