کراچی (14 دسمبر 2025): محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں سردی میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔
موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا موسم اس وقت سرد اور خشک ہے، جب کہ آئندہ ہفتے شہر میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پارہ 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہو سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 89 فی صد ہے، شمال مشرقی سمت سے 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری طرف این ڈی ایم اے نے آج سے 18 دسمبر تک برف باری اور موسم سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے، بالائی خیبرپختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔
پی ایس 9 گڑھی یاسین میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے
این ڈی ایم اے کے مطابق 15 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی و مغربی علاقوں میں اثر انداز ہوگا، موسمی صورت حال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش، اور پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
کوہستان، بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے، پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
کوئٹہ، زیارت، شمال مغربی بلوچستان میں ہلکی بارش، پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے، بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، سیاح اور مسافر پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


