کراچی (25 جنوری 2026): شہر قائد میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد اور خشک ہو گیا ہے، دن بھر آج بھی موسم سرد اور وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ سردی کی لہر جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی، شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، کراچی میں نمی کا تناسب اس وقت 48 فی صد ہے، اور شمال مشرق سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری طرف بلوچستان میں چمن شہر اور گرد و نواح میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، چمن کا درجہ حرات نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے جا کر منفی 2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، توبہ اچکزئی میں منفی 8، خواجہ عمران منفی 7، اور کوژک ٹاپ میں منفی 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمے کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقت ور سسٹم آج داخل ہوگا، آج رات سے بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی ہے، زیارت، چمن، توبہ اچکزئی، کوژک ٹاپ، خواجہ عمران میں برفباری کا امکان ہے، قلعہ عبداللہ، جنگل پیرعلیزئی، شیلا باغ، میزئی اڈا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


