کراچی: شہر قائد میں ممکنہ ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، مختلف اسپتالوں میں خصوصی ہیٹ اسٹروک وارڈز بھی قائم کردیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد میں کئی روز سے جاری شدید گرمی سے شہری نڈھال ہیں، گزشتہ چند روز کے دوران ہیٹ اسٹروک کے سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
انچارج ہیٹ اسٹروک ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق جناح اسپتال میں 80 جبکہ سول اسپتال میں 50 سے زائد کیسزرپورٹ ہوئے۔
گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث گیسٹرو کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں، شدید گرمی کے باعث شہر میں جگہ جگہ ریلیف کیمپ لگ گئے ہیں، جہاں شہریوں کومفت ٹھنڈا پانی اور شربت پلایا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہیگا، شہر میں آج سے درجہ حرارت مزید بڑھے گا۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، موسم گرم اور مرطوب ہے، موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
قیامت خیز گرمی سے پریشان عوام کے لیے بڑی خوشخبری
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، شہریوں کو ہیٹ ویو کے باعث احتیاطی تدابیراختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔