تازہ ترین

شہریوں سے کروڑوں روپے فراڈ کرنے والی خاتون کراچی سے گرفتار

اسلام آباد: پولیس نے شہریوں سے کروڑوں روپے فراڈ کرنے والی خاتون عافیہ قلندر کو کراچی سے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق روحانی حساب کتاب کا دھوکا دے کر لوگوں سے جائیدادیں فروخت کروا کر فراڈ کرنے والے میاں بیوی کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہو گیا، پولیس نے عافیہ کو کراچی سے گرفتار کر کے اسلام آباد منتقل کر دیا۔

عافیہ قلندر نامی خاتون اپنے شوہر قلندر انجم اشفاق کے ساتھ مل کر فراڈ کیا کرتی تھی، ٹائر کا کاروبار کرنے والے بحریہ ٹاؤن کے رہائشی مخدوم مرتضیٰ حسین کے ساتھ بھی کروڑوں روپے کا فراڈ کیا اور پھر فرار ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق میاں بیوی نے جعلی دستاویزات پر مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس کھلوائے، عافیہ قلندر کا 56 ممالک کے دوروں کا بھی انکشاف ہوا، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے شہری سے 32 کروڑ مختلف طریقوں سے وصول کیا۔

کہسار پولیس نے اشتہاری ہونے پر کراچی میں کارروائی کی اور خاتون کو گرفتار کر لیا، پولیس حکام کے مطابق ملزمان اور بھی لوگوں سے فراڈ میں ملوث ہیں۔

متاثرہ شہری مخدوم مرتضیٰ حسین کا کہنا تھا کہ یہ دونوں میاں بیوی دو سال قبل 2019 میں ان کی دکان پر گاڑی کا ٹائر بدلوانے آئے تھے اور پھر انھیں روحانی علاج اور روحانی علم کے نام پر شیشے میں اتار لیا۔

شہری کی درخواست کے مطابق فراڈ میاں بیوی نے بعد میں مرتضیٰ حسین سے کہا کہ وہ رحیم یار خان میں اپنی زرعی زمین اور آبائی مکان فروخت کر کے اسلام آباد منتقل ہو جائے ورنہ اس کی جان کو خطرہ ہے، مرتضیٰ حسین ان کی باتوں میں آکر ساری جائیدادیں فروخت کر کے اسلام آباد آ گئے اور ان کے فراڈ کا شکار ہو گئے۔

مرتضیٰ حسین کا کہنا تھا کہ ان سے فراڈ میاں بیوی نے مجموعی طور پر 22 کروڑ 59 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بٹوری، اور پھر جان کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

Comments