کراچی(12 فروری 2026): پاپوش میں سیکیورٹی گارڈ کی خاتون پر فائرنگ کی لرزہ خیز سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
کراچی کے علاقے پاپوش نگر میں بینک کے باہر سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے خاتون کو گولی مارنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی ہے، جس میں گارڈ کو بے رحمی سے فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس ذرائع اور فوٹیج کے مطابق، سیکیورٹی گارڈ نے خاتون کو رقم دینے کے بہانے اے ٹی ایم پر بلایا تھا۔ جب خاتون وہاں پہنچی تو گارڈ رقم نکالنے کے بہانے خود مشین پر گیا، تاہم جیسے ہی خاتون نے اے ٹی ایم کا دروازہ کھولا، گارڈ نے ان سے تکرار شروع کر دی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تلخ کلامی کے دوران سیکیورٹی گارڈ نے اچانک پستول چیمبر کیا اور خاتون پر سیدھی گولی چلا دی۔ پہلی گولی خاتون کے سینے پر لگی، جس کے بعد انہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی۔
فوٹیج کے مطابق سفاک گارڈ نے خاتون کا پیچھا کیا اور مزید دو فائر کیے۔ فائرنگ کے بعد ملزم انتہائی اطمینان سے چلتا ہوا بینک کے کونے کی طرف چلا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جب ملزم فائرنگ کر رہا تھا تو وہاں موجود اس کے دوسرے ساتھی گارڈ نے اسے روکنے کی کوشش بھی کی، لیکن ملزم نے ایک نہ سنی۔
پولیس نے فوٹیج قبضے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


