کراچی (12 جنوری 2026): پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ڈیفنس کے علاقے میں فلیٹ سے زنجیروں میں جکڑی خاتون کو بازیاب کرا لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ایک اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں کئی روز سے ڈیفنس کے علاقے میں ایک فلیٹ میں زنجیروں میں جکڑی خاتون قید تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بازیاب کرا لیا۔
پولیس کے مطابق بازیاب کرائی گئی خاتون کا نام فاطمہ بی بی ہے، جس کو اس کے سابق شوہر نے زنجیروں میں جکڑ کر قید کر دیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ فاطمہ اپنے تین بچوں کے ساتھ شیریں جناح کالونی میں رہتی ہے۔ خاتون کو اس کے سابق شوہر لطیف نے خرچہ دینے کا کہہ کر فلیٹ میں بلایا اور پھر زنجیروں سے باندھ کر فلیٹ بند کر کے فرار ہو گیا۔
خاتون فلیٹ میں روتی اور چلاتی رہی۔ پڑوسیوں نے فاطمہ کی چیخ وپکار سن کر پولیس کو اطلاع دی، جس پر درخشاں پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بازیاب کرایا۔ جب کہ مقدمہ درج کر کے مفرور ملزم لطیف کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


