ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

کراچی: ہوٹل پر بیٹھے نوجوان کو قتل کر دیا گیا، واردات کی فوٹیج سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کورنگی میں ہوٹل پر بیٹھے نوجوان کو قتل کردیا گیا ، موٹرسائیکل سوار حملہ آور گولیاں برسا کر فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے،

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت اسد سلطان کے نام سے ہوئی ہے، جو کورنگی نمبر 5 پر ایک ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ایک نامعلوم شخص نے اسد کو فون کال کر کے گلی میں بلایا، جیسے ہی وہ وہاں پہنچا، موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور نے اس پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں اور موقع سے فرار ہو گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں اسد سلطان موقع پر ہی دم توڑ گیا تاہم پولیس نے لاش کو ضروری ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو اسد سلطان پر فائرنگ کرتے اور بعد ازاں باآسانی فرار ہوتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اسد سلطان رینٹ اے کار کا کاروبار کرتا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ ایک نجی فیکٹری میں بھی ملازمت کر رہا تھا، مقتول نے کچھ روز قبل ہی دوسری شادی کی تھی۔

پولیس کا مؤقف: پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں. ابتدائی تفتیش اور مقتول کے پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے شبہ ہے کہ یہ قتل کسی ذاتی رنجش یا دشمنی کا نتیجہ ہے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں