کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر 24 سالہ نوجوان کو قتل کردیا گیا ، مقتول ایک نجی سیکیورٹی کمپنی میں سپروائزر کے طور پر فرائض انجام دے رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے ایک اور شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، محمود آباد کشمیر کالونی کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 24 سالہ سیکیورٹی گارڈ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ محمود آباد کشمیر کالونی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ عابد علی شدید زخمی ہو گیا تھا، جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
مقتول اختر کالونی کا رہائشی تھا اور ایک نجی سیکیورٹی کمپنی میں سپروائزر کے طور پر فرائض انجام دے رہا تھا۔
مقتول کے اہل خانہ کے مطابق عابد علی دس بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے صرف موبائل فون اور پرس چھیننے کے لیے فائرنگ کی، جس کے باعث نوجوان کی جان چلی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا واقعہ صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ مقتول کے بھائی دوست علی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بھائی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں سخت سزا دی جائے۔
دوسری جانب عابد علی کی میت تدفین کے لیے ٹنڈو محمد خان روانہ کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے رواں سال کے ابتدائی 6 دنوں میں کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے، جبکہ فائرنگ کے واقعات لانڈھی، نیو کراچی، بلال کالونی اور محمود آباد میں پیش آ چکے ہیں۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


