کراچی(21 مئی 2026): کراچی کے علاقے فیروز آباد میں گاڑی کے لیے راستہ نہ دینے پر ایک مشتعل نوجوان نے گاڑی میں بیٹھی فیملی کو ہراساں کیا اور گاڑی پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی۔
تفصیلات کے مطابق 20 مئی کی شام پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آ گئی ہے۔متاثرہ شہری وسیم چیمہ نے واقعے کے خلاف فیروز آباد تھانے میں تحریری درخواست جمع کرا دی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واقعے کے وقت گاڑی میں میری اہلیہ، میں اور میرا بچہ، جو ایک اسپیشل چائلڈ ہے موجود تھے۔ ایک بڑی گاڑی میں سوار نوجوان اور خاتون نے ہمیں زبردستی گاڑی پیچھے ہٹانے کا کہا۔
متاثرہ شہری کے مطابق وہاں گاڑی پیچھے ہٹانے کی جگہ موجود نہیں تھی، اور جب ہم نے انکار کیا تو وہ دھمکیاں دینے لگے۔ اس کے بعد مشتعل نوجوان نے ہماری گاڑی پر لاتیں اور گھونسے مارے، جس سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کی تحریری درخواست موصول ہو گئی ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر کے گاڑی پر حملہ کرنے اور توڑ پھوڑ میں ملوث مشتعل نوجوان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


