کراچی: شہر قائد کا نوجوان ایران کی بندرگاہ پر اسرائیلی میزائل حملے میں شہید ہوگیا ، لواحقین نے حکومت سے میت جلد وطن لانے کی اپیل کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی آگ نے کراچی کے ایک گھرانے کے چراغ کو بھی گل کر دیا۔
کراچی کے علاقے ہاکس بے کا رہائشی نوجوان یاسر خان، ایران کی بندرگاہ پر ہونے والے اسرائیلی میزائل حملے میں شہید ہو گیا، تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود میت پاکستان نہ لائی جا سکی۔
ہاکس بے یونس آباد کا رہائشی یاسر خان گزشتہ چھ ماہ سے ایران کی بندرگاہ بندر عباس میں ایک ٹگ بوٹ پر ملازمت کر رہا تھا کہ 23 مارچ کو اسرائیلی فوج کی جانب سے ایرانی بندرگاہ پر میزائل حملہ کیا گیا، جس کی زد میں آکر یاسر خان شہید ہوگیا.
نوجوان کی شہادت کی خبر ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا اور اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔
شہید یاسر خان کے لواحقین نے حکومتِ پاکستان اور وزارتِ خارجہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ میت کی جلد از جلد وطن واپسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ کئی روز گزر چکے ہیں لیکن میت اب تک پاکستان نہیں پہنچ سکی۔ ہم چاہتے ہیں کہ اپنے پیارے کی تدفین آبائی شہر کراچی میں کر سکیں، حکومت ہماری مدد کرے۔”
خیال رہے ایران اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل بھی ایرانی بندرگاہوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


