تازہ ترین

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز پر فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز...

چمن میں طوفانی بارش، ڈیم ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

چمن: بلوچستان کے ضلع چمن میں طوفانی بارشوں نے...

کراچی کی مشہور ’’جمعہ بریانی‘‘ اب گھر میں بھی بنائیں!

کراچی کی مشہور جمعہ بریانی کی ترکیب انتہائی آسان ہے جس کو گھر میں بناکر نہ صرف دسترخوان کو سجائیں بلکہ کھانے والوں کو اپنا گرویدہ بنائیں۔

اے آر وائی کے مارننگ شو ’’گڈ مارننگ پاکستان ‘‘میں حمزہ اور مصطفیٰ نے بتائی کراچی کی مشہور ’’جمعہ بریانی‘‘ بنانے کی ترکیب اور دیے شو کی میزبان ندا یاسر کو سوالات کے مزیدار جوابات۔

کراچی کے علاقے صدر میں صرف جمعے کے روز فروخت ہونے والی ’’جمعہ بریانی‘‘ نے بریانی کے شوقین لوگوں کو اپنا دلدادہ بنالیا ہے، لوگ دور دور سے یہ بریانی کھانے آتے ہیں۔

اے آر وائی کے مارننگ شو ’’گڈمارننگ پاکستان ‘‘میں جمعہ بریانی کے خالق حمزہ اور مصطفیٰ نے دی انٹری اور بتائی اس لذیذ بریانی بنانے کی ترکیب ساتھ میں شو کی میزبان ندا یاسر ان سے کرتی رہیں دلچسپ گفتگو۔

جمعہ بریانی ہٹ ہونے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں حمزہ اور مصطفیٰ نے بتایا کہ بریانی ہم بنا تو 6 سالوں سے رہے ہیں لیکن یہ مشہور 4سال پہلے اس وقت سے ہوئی ہے جب اس کی تشہیر سوشل میڈیا پر کی۔

بریانی ’’جمعہ بریانی‘‘ کے نام سے مشہور ہونے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ بریانی صرف ہم جمعے کے دن ہی فروخت کرتے ہیں اسی لیے اس کا نام جمعہ بریانی پڑا ہے۔

اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صرف جمعے کے دن بریانی فروخت کرنے کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو پتہ ہوتا ہے کہ یہ بریانی ہفتے میں صرف ایک دن ہی ملتی ہے تو پھر انہیں زیادہ طلب ہوتی ہے اور پھر ہم بغیر ہڈی کا گائے کا گوشت استعمال کرتے ہیں۔

بریانی کی خاص بات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک تو اس میں ہم گائے کا معیاری صاف ستھرا اور بغیر ہڈی کا گوشت استعمال کرتے ہیں، دوسرا ہم اس میں آئل کا کم استعمال کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں حمزہ نے بتایا کہ ان کی جمشید روڈ پر ایک اور برانچ بھی ہے جہاں یہ بریانی روزانہ ملتی ہے لیکن صدر موبائل مارکیٹ پر صرف جمعے کے دن ہی ملتی ہے۔

میزبان ندا یاسر نے دلچسپ سوال کیا کہ آپ صرف جمعے کے دن ہی یہ بریانی فروخت کرتے ہیں تو ہفتے کے باقی دن کیا آرام کرتے ہیں؟

اس کا جواب دیتے ہوئے دونوں بزنس پارٹنرز نے کہا کہ ہم باقی دنوں مختلف نوعیت کی ڈشز بناتے ہیں جیسے کہ بدھ کی ہماری اسپیشلٹی چکن دال چاول ہیں لیکن یہاں سے باقی دنوں میں صرف سپلائی ہوتا ہے، صرف جمعے کے دن کھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے ہم اپنے کسٹمرز کو تھال میں گرم گرم بریانی پیش کرتے ہیں تو گرم گرم بریانی کھانے کا مزا ہی الگ ہوتا ہے۔

میزبان کے اس سوال پر کہ آپ کی بریانی کی کافی ڈیمانڈ ہے تو اس کی کوئی خاص بات ہے کا انکساری سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ خاص کوئی بات نہیں بلکہ اللہ کا کرم ہے یہ بریانی اللہ کی طرف سے تحفہ ہے کہ لوگ لائن لگا کر بریانی لیتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے شو میں نہ صرف جمعہ بریانی بناکر بھی بتائی بلکہ اس کی مکمل ریسپی بھی بتائی۔

 

انہوں نے کہا کہ بریانی بنانے کی کوئی خاص ٹپ نہیں صرف بناتے وقت اللہ کا ذکر کریں تو انشااللہ ہر چیز اچھی بنے گی۔

تو اگر آپ جمعے کے علاوہ بھی جمعہ بریانی کا مزا لینا چاہتے ہیں تو آج ہی گھر میں اس ریسپی کو آزمائیں۔

جمعہ بریانی کے اجزا:

2کلو گائے کا بون لیس گوشت
ابلے ہوئے 2کلو سیلا چاول ( پہلے 2 گھنٹے بھگو دیں)
آلو درمیانے سائز حسب ذائقہ
تیل حسب ضرورت
دہی آدھا پاؤ
لہسن کٹا ہوا 3 ٹیبل اسپون
ٹماٹر تقریباْ ایک پاؤ پیسٹ بنالیں
ہری مرچ کٹی ہوئی 50 گرام یا حسب ذائقہ
پسی لال مرچ 2 ٹیبل اسپون
پسی ہلدی ایک ٹیبل اسپون
ثابت گرم مصالحہ، نمک، تیز پات، آلو بخارہ، زردے کا رنگ، جائفل، جوتری، ہرا دھنیا (حسب ذائقہ)
دہی میں کچھ ٹماٹر، جائفل جوتری، زردے کا رنگ، کیوڑہ شامل کرکے پیسٹ بنالیں۔

جمعہ بریانی پکانے کی ترکیب:

سب سے پہلے دیگچی میں حسب ضرورت آئل ڈال کر گرم کریں پھر اس میں کٹا ہوا لہسن ڈال کر سرخ کرلیں، اس کے بعد ہری مرچ، ٹماٹر پیسٹ، لال مرچ، ہلدی، ثابت گرم مصالحہ، تیزپات، نمک ڈال کر مصالحے کو اچھی طرح بھون لیں۔

جب مصالحہ اچھی طرح بھن جائے تو پھر اس میں گوشت ڈال دیں اور گوشت گلنے کے بعد آلو ڈالیں، آلو گل جائیں تو  پھر دہی میں بنا ہوا پیسٹ ڈال دیں۔

آخر میں ابلے ہوئے چاول ڈال کر دم لگادیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ’جمعہ بریانی‘ کھانے کے لیے قطاریں لگ گئیں

مزیدار جمعہ بریانی تیار ہے جو نہ صرف آپ کے دسترخوان کو سجائے گی بلکہ کھانے والوں کو آپ کا گرویدہ بھی بنادے گی۔

 

Comments

- Advertisement -