کراچی : ملک کی سب سے بڑی ہول سیل ادویات کی مارکیٹ کو سیل کردیا گیا ، جس سے ادویات کی سپلائی معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ملک کی سب سے بڑی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کو اچانک سیل کیے جانے سے شہر قائد سمیت ملک بھر میں ادویات کی سپلائی معطل ہوگئی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے دکانداروں سے حلف نامے لینے کے بعد مارکیٹ کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بھنگوار نے ایک اچانک کارروائی کے دوران میڈیسن مارکیٹ کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
عید کی چار روزہ تعطیلات کے بعد جیسے ہی مارکیٹ کھلی، اس بندش کی وجہ سے دور دراز سے آئے ہوئے دکانداروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ہول سیل مارکیٹ بند ہونے سے شہر کے ریٹیل میڈیکل اسٹورز پر ادویات کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔
میڈیسن مارکیٹ کے نائب صدر اور دکانداروں نے اس کارروائی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے مارکیٹ سیل کرنے سے پہلے کوئی پیشگی نوٹس جاری نہیں کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے پہلے ہی مارکیٹ بند تھی، اور اسٹاک کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آج کا دن انتہائی اہم تھا، مگر اچانک بندش نے مریضوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے فوری مداخلت کی اور مارکیٹ کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
انتظامیہ نے مارکیٹ کے دکانداروں سے ضروری قواعد و ضوابط کی پاسداری کے حوالے سے حلف نامے جمع کروائے، جس کے بعد مارکیٹ کو دوبارہ کام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


