کرک(19 ستمبر 2025): خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں نامعلوم افراد نے گیس ایس ایم ایس پائپ کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک نیو اڈہ کے قریب گزشتہ رات نا معلوم افراد نے گیس لائن کو بارودی مواد سے اڑا دیا ہے۔
کرک پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس و دیگر ادارے، محکمہ گیس حکام موقع پر موجود ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے نقصان کا اندازہ لگا کر گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کےمطابق انڈس ہائی وے نیو اڈہ کےقریب رات گئے بم نصب کیا گیا تھا، دھماکے کی زور دار آواز سے قریبی علاقے لرز اٹھے،گیس پائپ لائن تباہ ہونے سے قریبی علاقوں کو سپلائی معطل ہوگئی۔
واضح رہے کہ کرک وہ واحد ضلع ہے جو گزشتہ 20 برس سے دہشت گردی کے ناسور سے محفوظ تھا، تاہم حالیہ واقعات کے بعد صورتِ حال تبدیل ہوئی ہے، ضلع کرک تیل، گیس، یورینیم، جپسم اور کوئلے سے مالا مال ہے اور یہاں صوبے کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی شرح خواندگی بھی زیادہ ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


