ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

کرن جوہر نے بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر کرن جوہر نے بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ بتا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرن جوہر نے فلموں کے ری میک کو بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ قرار دے دیا ہے، اور اس کے لیے انھوں نے دوسروں ہی کو نہیں بلکہ خود کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا۔

فلم ناقدین ایک عرصے سے اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ آخر بالی ووڈ فلمیں باکس آفس پر کیوں کامیاب نہیں ہو رہیں، اور ناظرین ان فلموں کو کیوں پسند نہیں کر رہے ہیں۔

باکس آفس پر فلموں‌کے اچھا بزنس نہ کرنے کی وجہ سے بالی ووڈ انڈسٹری خسارے میں ہے، کرن جوہر نے کہا کہ پورے ہندی سنیما میں ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں کہانی پر پختہ یقین نہیں ہے، ہمارے پاس سلیم جاوید کی صورت میں ایک حقیقی آواز تھی، جو سینما میں کردار کو زندہ کرتے تھے۔

کرن جوہر نے اسکرین رائٹرز سلیم جاوید (سلیم خان اور جاوید اختر) کا خصوصی ذکر کیا، انھوں نے کہا 70 کی دہائی تک انھوں نے اصل کہانیوں اور کرداروں کو سنبھال کر رکھا، لیکن پھر ہم نے 80 کی دہائی میں جنوبی زبان کی فلموں کے ری میک بنانا شروع کر دیے۔

کرن جوہر نے نہ صرف ری میک فلموں بلکہ ایک فلم کی دیکھا دیکھی اسی طرح کی فلموں کی بھرمار کرنے کے طرز عمل کو بھی بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ قرار دیا۔ کرن جوہر نے بتایا کہ نہ صرف یہ بلکہ 90 کی دہائی میں ہم نے ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی کامیابی کے بعد محبت کی کہانیاں بنانا شروع کر دیں، اور اس سب کا قصوروار میں ہوں، اسی طرح ہم نے 70 کی دہائی کی جڑیں کھو دیں۔

انھوں نے اس سلسلے میں فلم لگان کا ذکر کیا، جس کی کامیابی کو دیکھ کر سب نے اس طرز کی فلمیں بنانا شروع کر دی تھیں، اسی طرح جب فلم دبنگ آئی تب بھی ایسا ہی ہوا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ میں ریمیک فلموں کا رجحان کافی بڑھ گیا ہے، فلم ساز اور اداکار لگاتار ریمیک بنانے میں مصروف ہیں، جو نہ تو باکس آفس پر کامیاب ہو رہی ہیں اور نہ ہی شائقین کو پسند آ رہی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں