تازہ ترین

”نچ پنجابن“ کے بعد کرن جوہر پر فلم کی کہانی چوری کرنے کا الزام

ممبئی: بھارت کے مشہور فلمساز کرن جوہر نے پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے گانے ”نچ پنجابن“ کے بعد ایک فلم کی کہانی چوری کرلی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وشال اے سنگھ مصنف نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کرن جوہر کو جنوری 2020 میں فلم ”بنی رانی“ کے لیے ایک کہانی ارسال کی تھی، میں نے دھرما پروڈکشن کو معاون پروڈیوسر کے لیے کہانی ای میل کی تھی جس کا مجھے جواب بھی موصول ہوا تھا۔

وشال سنگھ نے کہا کہ پھر اچانک انہوں نے میری کہانی چرالی اور فلم ”جگ جگ جیو“ ریلیز کر دی۔ انہوں نے کرن جوہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہ ”یہ ٹھیک نہیں ہے۔“

وشال سنگھ نے بطور ثبوت ای میل کا اسکرین شاٹ بھی اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں منسلک کیا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ”بنی رانی“ کے لیے کہانی موجود ہے۔

کچھ روز قبل پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے کسی بھارتی فلم کو اپنا گانا ”نچ پنجابن“ فروخت نہیں کیا، گانا چوری کیے جانے پر میں اس کے خلاف ہرجانے کے لیے عدالت جانے کا مکمل حق رکھتا ہوں، کرن جوہر جیسے پروڈیوسر کو کسی کا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے۔

گلوکار نے انکشاف کیا تھا کہ یہ میرا چھٹا گانا ہے جو بغیر اجازت استعمال کیا گیا ہے۔

Comments