بھارتی فلمساز کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے انہیں رلا دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلمساز کرن جوہر نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی یادوں کو شیئر کرتے ہوئے ایک واقعہ سنایا ہے۔
کرن جوہر نے بطور ہدایت کار اپنے سفر کا آغاز مقبول فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ سے 1998 میں کیا جس میں شاہ رخ خان، کاجول، سلمان خان اور رانی مکھرجی شامل تھے۔
یہ پڑھیں: میں لڑکیوں کی طرح بات کرتا اور چلتا تھا، تین سال کوچنگ کے بعد ٹھیک ہوا، کرن جوہر
انہوں نے بتایا کہ میں سلمان خان کے ساتھ پہلی بار کام کررہا تھا، وہ اتنے بڑے اسٹار ہیں، سیٹ پر پہلے دن میں ان کی وینیٹی وین میں چلا گیا۔
کرن جوہر نے کہا کہ گانے ’ساجن جی گھر آئے‘ کی شوٹنگ تیار تھی اور جب میں سلمان کی وینیٹی وین میں داخل ہوا تو انہوں نے ٹی شرٹ اور جینز پہنی ہوئی تھی۔
فلمساز کا کہنا تھا کہ میں نے سلمان سے کہا کہ یہ شادی کا گانا ہے آپ کو کپڑے تبدیل کرنے ہوں گے جس پر اداکار نے کہا کہ ہاں مجھے معلوم ہے یہ شادی کا گانا ہے لیکن اگر پہلی بار کوئی دولہا جینز اور ٹی شرٹ میں آتا ہے تو یہ نیا انداز ہوگا میں سویگ لے کر آؤں گا۔
ہدایتکار نے کہا یہ سن کر میں پریشان ہوگیا کیونکہ سیٹ بہت شاندار تھا اور سلمان خان کی ہیروئن کاجول ایک لہنگا پہنے ہوئے تھیں، ایسے میں دلہا جینز اور ٹی شرٹ میں آگئے تو کیا ہوگا۔
کرن نے کہا یہ سن کر میں رونے لگا، کیونکہ میں پہلے ہی ذہنی دباؤ میں تھا، میں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور سلمان خان کے سامنے ہی ان کی وینیٹی وین میں رو پڑا۔
فلمساز کا کہنا تھا کہ سلمان مجھے روتا دیکھ کر گھبرا گئے اور آخر میں کہا، ‘نہیں، نہیں، میں سوٹ پہنوں گا۔’ اور اس طرح ہم نے اپنے پہلے گانے کی شوٹنگ مکمل کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


