ممبئی: بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ کرینہ کپور خان عرف بے بو آج اپنی 36 ویں سالگرہ منا رہی ہیں ایک طرف تو وہ اپنے برتھ ڈے پر انتہائی خوش ہیں جبکہ دوسری جانب اُن کی شادی کی سالگرہ اور ننھے مہمان کی آمد کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔
اکیس ستمبر 1980 کو ہندوستانی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں بالی ووڈ کے نامور کپور خاندان میں جنم لینے والی کرینہ نے بالی ووڈ میں اپنا پہلا قدم سن 2000 میں فلم ‘رفیوجی’ کے ذریعے رکھا جس میں ناقدین نے ان کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔
سلمان خان کی فلم دبنگ ٹو کیلئے کرینہ کپور خان کے آئٹم سونگ ‘فیویکول سے’ نے جہاں حال ہی میں سال کا بہترین آئٹم سونگ اور بہترین آئٹم گرل کا خطاب بیبو کو دلوایا وہیں اُن کی پولیٹیکل تھرلر فلم ستیا گرھا نے بھی باکس آفس پر شاندار برنس کیا۔
دو ہزار ایک میں فلم ‘مجھے کچھ کہنا ہے’ سے باکس آفس پر بے پناہ کامیابی سمیٹنے والی کرینہ نے اجنبی، اشوکا، کبھی خوشی کبھی غم، چمیلی، دیو، اومکارہ، جب وی میٹ، گول مال، تھری ایڈیٹس، باڈی گارڈ، را ون اور ہیروئن سمیت مختلف فلموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انھوں نے اپنے بارہ سالہ کریئر میں ڈھیروں کامیابیاں سمیٹیں ہیں اور آج ان کا نام فلم کی کامیابی کی ضمانت بن چکا ہے، بے بو کی کامیابیوں کا سفر ابھی جاری ہے۔
کرینہ نے بالی ووڈ کے تمام بڑے ستاروں-عامر، سلمان اور شاہ رخ سب کے ساتھ کام کیا، کرینہ ہر رول میں فٹ بیٹھتی ہیں۔
کرینہ کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی تھا جب شاہد کپور خاص اہمیت رکھتے تھے، دونوں لیو ان میں رہتے تھے، دونوں کا پیار دیکھ کر یہی لگتا تھا کہ جلد شادی بھی کر لیں گے، اہم کرینہ اور شاہد کے رشتہ میں اس وقت دراڑ پڑ گئی جب فلم ٹشن کے دوران ان کی زندگی میں سیف علی خان آئے، دونوں کا رشتہ اس دور میں اخبارات کی سرخیاں بننے لگا۔
دو بچوں کے باپ سیف کرینہ سے 12 سال بڑے ہیں، لیکن دونوں کی محبت کے درمیان عمر کا فاصلہ حائل نہیں ہوا اور وہ 16 اکتوبر 2012 کو پٹودی کے نواب اور بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کے ساتھ ازدواجی بندھن میں منسلک ہوئیں۔