کرک(10 جولائی 2026): خیبر پختونخوا کے اضلاع کرک اور کوہاٹ کی پولیس نے ایک بڑی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں کی شہادت میں ملوث انتہائی مطلوب 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرک اور کوہاٹ پولیس نے خٹک ڈیم اور دونوں اضلاع کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر ایک مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران وہاں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس فورس نے انتہائی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں کمانڈر زاہد گروپ کے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا یہ گروپ انتہائی خطرناک اور سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ یہ ملزمان سال 2025 میں ایس ایچ او تھانہ بانڈہ عمر نواز (ضلع کرک) اور انسپکٹر طاہر نواز (ضلع کوہاٹ) جبکہ سال 2026 میں ڈی ایس پی اسد محمود، سب انسپکٹر انار گل اور دیگر پولیس افسران و جوانوں کی شہادت کے واقعات میں براہِ راست ملوث تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک اور ایس پی صدر کوہاٹ احسان شاہ فوراً بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
جس کی نگرانی اعلیٰ افسران خود کر رہے ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی حتمی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ کے بارے میں مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
کرک پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شرپسند عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔


