سرینگر : جنت نظیر وادی کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنے پینسٹھ روز گرزگئے۔ کھانے پینے کی اشیاء کی تلاش میں سرگرداں کشمیریوں کو اب بھی بھارتی گولیوں کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ماراگیا، اس دوران تین مجاہدین بھی جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق عیدالفطر سے عیدالاضحی آگئی، لیکن بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم میں کمی نہ آسکی۔
کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی گئی۔ جنت نظیر وادی کو فوجی چھاؤنی بنے ہوئے پینسٹھ دن ہوگئے۔ اشیاء خوردو نوش کی قلت کی وجہ سے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی، بھوکے پیاسے کشمیری کھانے پینے کی تلاش میں سڑکوں پر نکلتے ہیں تو بھارتی فوج شیل برسا دیتی ہے۔
دوسری جانب پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوجیوں نے ایک عمارت میں موجود کشمیریوں پر فائرکھول دیا۔ مجاہدین کی جوابی کارروائی میں ایک فوجی ماراگیا۔ جھڑپ میں تین مجاہدین بھی جاں بحق ہوئے۔
مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو قربانی کے فریضہ سے روکنے کیلئے بھارتی فوج نے سختی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد سے کشمیر وادی میں صورتحال کشیدہ ہے۔ ایک اور واقعہ میں بھارت مخالف ریلی پر پولیس نے شدید تشد د کیا جس سے 80 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے 20سے ز ائد افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔