سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت،مظاہر ین پرچھروں والی گن سے حملہ،بارہ سالہ بچہ شہید ہوگیا۔ واقعہ کے خلاف کرفیو کے باوجود لوگ سڑکوں پر آگئے۔
تفصیلات کےمطابق سری نگر میں بھارتی فوج نے پیلٹ گنز سے فائرنگ کی،چھرے لگنے سے بارہ سالہ لڑکا شہید ہوگیا جس کے بعد سری نگر میں کشیدگی پھیل گئی،لوگ کرفیو توڑتے ہوئے گھروں سے نکل آئے اور احتحاج شروع کردیا۔
قابض بھارتی فوج نے مظاہرین کو روکنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا سلسلہ جاری ہے،وادی میں آج92ویں روز بھی کرفیو نافذ اور زندگی مفلوج ہے۔
یاد رہے کہ گزرے تین ماہ کے دوران بھارتی مظالم کےنتیجے میں ایک سو بیس کے قریب کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ پیلٹ گنز کے استعمال کے باعث سیکڑوں کی بینائی بھی چھن چکی ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا مہلک ترین ہتھیاروں کا استعمال، درجنوں افراد نابینا
واضح رہے کہ کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر بدستورکشیدگی کی لپیٹ میں ہے،بھارتی فورسز مہلک ترین ہتھیار استعمال کر رہے ہیں جس سے درجنوں افراد نابینا ہوگئے ہیں۔