سری نگر : پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے کشمیری رہنماؤں کو ملاقات کیلئے مدعو کر لیاہے۔
تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے پاکستان نے کشمیری رہنماؤں کومشیرخارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی دعوت دے دی۔
ملاقات تئیس اگست کو پاک بھارت مشیروں کی ملاقات سے قبل ہوگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنرمنصوراحمد خان نے فون پرمیرواعظ عمرفاروق،علی گیلانی،یاسین ملک اوردیگرکشمیری رہنماؤں کومشیرخارجہ سرتاج عزیز کی دعوت میں شرکت کے لئے مدعو کیا۔
سرتاج عزیز تئیس اگست کو نئی دہلی میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔اس دوران دہشت گردی سمیت مختلف امور زیر بحث آئیں گے۔
علاوہ ازیں بھارتی تجزیہ نگار چندرا شیکھر نے کہا ہے کہ پاکستان نے جان بوجھ کر بھارت کو طیش دلانے کیلئے کشمیری رہنماؤں کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی سفارت کار کے ترجمان نے اس خبرکی تصدیق کرتے ہوئے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیاہے۔