قصور / ہری پور : پنجاب میں ایک اور بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام بنادی گئی، اہلیان محلہ نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا، جبکہ ہری پور میں لڑکے سے دو ماہ تک زیادتی کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق قصور میں انسانیت کے دشمن اب بھی باز نہ آئے، ضلع قصور کی تحصیل کوٹ رادھا کشن میں ایک اور بچی سے زیادتی کی کوشش اہل محلہ نے ناکام بنادی۔
بچی کے شورمچانےپر اہل علاقہ نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ واقعہ کے خلاف اہل محلہ نے ٹائر جلا کر احتجاج بھی کیا۔ واقعے کا آئی جی نے نوٹس لے کر متعلقہ ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔
علاوہ ازیں ہری پور میں اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لے لیا گیا، چودہ سالہ لڑکے سے دو ماہ تک زیادتی اور ویڈیوز بنانے کے الزام میں پولیس اہلکار سمیت تین ملزمان دھر لیے گئے۔
ایف آئی اے نے بچوں سے زیادتی کی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف کمر کس لی، تفتیش کیلئے سائبر کرائم ونگ کی دو رکنی ٹیم بنا دی گئی ہے۔
دریں اثناء مردان کے علاقے خرکئی میں بھی آٹھ سال کی بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی گئی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔