اسلام آباد (25 ستمبر 2025): سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توتائیو نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق صدر قازقستان قاسم جومارت توتائیو کی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر نومبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم مرات نورتلیو بھی ہوں گے جبکہ متعدد قازق وزرا پر مبنی ایک بڑا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور قازقستان کا تجارتی تعاون بڑھانے پر غور
قاسم جومارت توتائیو وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار و دیگر سے ملاقاتیں کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کیے جائیں گے۔
دوست ملک کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، مہمان وفد کے اعزاز میں عشائیے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے، دورے کے دوران پاکستان اور قازقستان میں 20 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ تجارت، باہمی منسلکی، ریلویز اور لاجسٹکس کے حوالے سے معاہدے متوقع ہیں، دورے سے قبل پاکستان اور قازقستان میں 6 ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جو آئی ٹی، زراعت، تعلیم، دفاع، تجارت اور سیاحت پر اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


