کراچی : کے سی سی آئی نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شخصیات کی کوششوں سے کراچی میں امن و سکون کا قیام ممکن ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدے داروں نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی اور لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف بنائے جانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا کہ کراچی کا صنعتی پہیہ محفوظ کاروباری ماحول میں بلارکاوٹ گھومتا رہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ویسی تشو یش ناک نہیں جیسی 3 سال پہلے تھی تاہم اب بھی کراچی میں دیرپا امن قائم کرنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
کے سی سی آئی کے عہدے داروں نے نئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کہ شہر میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سخت اقدامات کریں گے۔