کراچی: وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کے لیے گرین لائن منصوبے کے بعد جدید الیکٹرک سرکلر ریلوے کا تحفہ دینے جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، الیکٹرک ٹرین کے حوالے سے بڑی خبر ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو کراچی پہنچ رہے ہیں، اور وہ کینٹ اسٹیشن پر کے سی آر منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
کراچی سرکلر ریلوے کی گراؤنڈ بریکنگ کی تقریب کراچی کینٹ اسٹیشن پر منعقد ہوگی، اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی اور وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان بھی موجود ہوں گے۔
الیکٹرک ٹرین منصوبے کی لاگت 1 ہزار 71 ارب روپے ہے، یہ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے اس سلسلے میں بتایا کہ اس منصوبے کے لیے نیا ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔
کراچی کے لئے خوش خبری، وزارت بحری امور کا بڑا فیصلہ
تیز ترین ٹرین ہر 6 منٹ بعد اسٹیشن پر آئے گی، اور اس کے ذریعے روزانہ 4 لاکھ مسافر سفر کر سکیں گے، منصوبے کے بنیادی ڈھانچے پر 20.7 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
منصوبے کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے میں جدید الیکٹرک ٹرینیں چلائی جائیں گی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہریوں کا جدید ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کے شہریوں کو گرین لائن بس سروس اکتوبر سے دستیاب ہوگی، اور اس کے بعد جلد ہی جدید الیکٹرک سرکلر ریلوے بھی دستیاب ہوگی۔
ٹرانسپورٹ کے ان دو بڑے منصوبوں کے بعد امکان ہے کہ شہریوں کی پرانی بسوں اور چنگ چی سواری سے جان چھوٹ جائے گی۔