کراچی: کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں رات میں بھی اضافی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے، اور کہا ہے کہ یہ وہ علاقے ہیں جہاں بجلی چوری کی جاتی ہے۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی قلت کے باعث ایسے متعدد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے جہاں اس کے دعوے کے مطابق بجلی چوری کی جاتی ہے۔
مختلف علاقوں میں رات کے وقت 2 سے 3 گھنٹے اضافی لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، نیو کراچی، شاہنواز بھٹو کالونی اور منگھوپیر میں رات کے اوقات میں اضافی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
لیاری، پاک کالونی، جیکب لائنز اور لسبیلہ میں بھی رات کے وقت بجلی کی اضافی بندش شروع کر دی گئی ہے، عیسیٰ نگری، کھوکھراپار، شاہ فیصل منظور کالونی میں اضافی لوڈشیڈنگ سے شہری متاثر ہیں۔
کراچی کے شہریوں کو بڑا جھٹکا، لوڈشیڈنگ فری علاقوں میں بھی بجلی بند
دیگر وہ علاقے جہاں رات کے وقت اضافی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ان میں اختر کالونی، چنیسر گوٹھ، بھنگوریہ گوٹھ، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، سرجانی ٹاؤن، احسن آباد، کوئٹہ ٹاؤن، کاٹھور، گڈاپ، اسکیم 33، ابوالحسن اصفہانی روڈ، صفورہ گوٹھ، مارٹن کوارٹرز، بنارس، لیاقت آباد، پرانی سبزی منڈی، اولڈ سٹی ایریا، غریب آباد، موسیٰ کالونی، نارتھ کراچی شامل ہیں۔
کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ بجلی چوری اور زیادہ نقصانات والے علاقوں کے مکین رات کے اوقات میں بھی بجلی سے محروم کیے جا رہے ہیں۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ لوڈ شیڈنگ فری علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی ہے۔


