امریکی حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یو پی ایس کمپنی کے ایک کارگو طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے دوران بلیک باکس ریکارڈرز کو حادثے کی جگہ سے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو پی ایس کمپنی کا ایک کارگو طیارہ گزشتہ روز لوئیول، کینٹکی کے ہوائی اڈے سے پرواز کے دوران کریش کرگیا تھا، جس میں کم از کم 12 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے رکن ٹوڈ انمین کے مطابق طیارے کے بائیں پروں کے ارد گرد اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی اور اس کے تین انجن میں سے ایک انجن الگ ہو گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق یہ 34 سال پرانا ایم ڈی 11 فریٹر طیارہ ہونولولو جا رہا تھا اور اس میں تین عملے کے ارکان سوار تھے۔ طیارہ رن وے کے آخر میں ایک باڑ کو پار کرنے کے بعد حادثے کا شکار ہو گیا اور قریبی علاقے میں واقع متعدد عمارات سے ٹکرا گیا۔
طیارہ فوری طور پر آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس کے نتیجے میں آگ آٹھ سو میٹر تک پھیل گئی تھی اس حادثے کے دوران ایک پیٹرولیم ری سائیکلنگ فیکٹری میں بھی آگ لگی اور دھماکے ہونا شروع ہوگئے۔ کارگو طیارے کا بلیک باکس بھی مل گیا ہے۔
آگ نے پوری بس کو لپیٹ میں لے لیا، 34 مسافر زندہ جل گئے
امریکی فیڈرل ایوی ایشن کے مطابق 2 لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن لے جانے والا کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد اچانک گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے بائیں بازو میں پہلے آگ لگی اور دھواں اٹھنے لگا اس کے کچھ ہی لمحوں بعد طیارہ ہلکا سا فضا میں بلند ہوا مگر فوراً زمین پر آ کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔


