کراچی: سابق برطانوی بلے باز کیون پیٹرسن نے بھی پاکستان سپرلیگ میں شمولیت کے لئے آمادگی ظاہرکردی۔
گزشتہ روز لاہورمیں پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریبِ رونمائی ہوئی تھی جس کے بعد لیگ کیون پیٹرسن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والے سب سے ہائی پروفائیل کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’’وہ فروری میں ہونے والے پاکستانی میلے کے لئے تیار ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ایونٹ کی شروعات کے لئے بے تاب ہیں جہاں چھکوں کی برسات ہوگی اور ٹی ٹوئنٹی کا اصل مزہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد 4 تا 24 فروری 2016 کوہورہا ہے جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پیٹرسن سے قبل کرس گیل، روی بوپارا، لیوک رائٹ، ٹم بریسنان، جیڈ، کرس جارڈن، کیرون پولارڈ، ڈیرن سیمی، سنیل نارائن، ڈوائن براوو، آندرے رسل، جیمز فرینکلن،سائمن، ڈینش رمڈن، جیسون ہولڈر، جیزے رائڈر، گرانٹ، شکیب الحسن، انجیلو میتھیوز، ملنگا، پریرا، بریڈ ہوج اور جان بوتھا پاکستان سپر لیگ میں شرکت پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔