پشاور: کوہستان اسکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کی اہلیہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا، گھر سے 14 بلین روپے مالیت کا سونا، قیمتی گاڑیاں اور دیگر قیمتی اثاثے برآمد ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کوہستان اسکینڈل میں گرفتار خاتون سمیت آٹھ ملزمان کو احتساب عدالتوں میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تمام ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ گرفتار خاتون مرکزی ملزم قیصر اقبال کی اہلیہ ہے، جس کے گھر سے 14 بلین روپے مالیت کا سونا، قیمتی گاڑیاں اور دیگر قیمتی اثاثے برآمد ہوئے، خاتون پر اپنے شوہر کے ساتھ مل کر 34 بلین روپے غبن کرنے کا الزام ہے تاہم عدالت نے خاتون کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کر دی۔
اس کے علاوہ گرفتار چار ملزمان شیر باز، فہیم مون، عبدالباسط اور سرتاج کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ یہ تمام ملزمان بینامی دار ہیں اور ان کے نام پر دیگر ملزمان نے غیر قانونی اثاثے بنائے۔
عدالت نے شیر باز، فہیم مون اور سرتاج کو سات دن کے جسمانی ریمانڈ پر جبکہ عبدالباسط کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا۔
مزید برآں، تین ملزمان سید معیز حیدر، عمران خان اور الفت علی کو بھی احتساب جج امجد ضیا کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے تحویل میں دینے کا حکم دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


