خیرپور میں کچے کے علاقے احمد پور میں ایک ہفتے کے دوران پراسرار بیماری سے تین بچے انتقال کرگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیرپور میں پراسرار بیماری سے انتقال کرجانے والے تینوں بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
ورثا کا کہنا ہے کہ بچوں کو اسپتال داخل کروایا، گمبٹ اور خیرپور کے ڈاکٹروں کی جانب سے بیماری کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق بچوں کو بخار اور الٹی ہونے کے بعد اسپتال داخل کروایا گیا تھا، گاؤں کے اور بچے بھی بیماری میں مبتلا ہیں کوئی ایسی ٹیم بھیجی جائے جو بیماری کی تصدیق کرسکے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بچوں کا انتقال اسپتال میں نہیں ہوا، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
یہ پڑھیں: سندھ کے شہر میں جان لیوا بیماری سے 7 بچے جاں بحق
واضح رہے کہ اپریل میں خیرپور میں ایم پاکس سمیت متعدد بیماریوں کی علامات سامنے آئی تھیں جس کے سبب بچوں کی بڑی تعداد اسپتالوں میں زیر علاج تھی اور 10 دنوں میں 7 بچے جاں بحق جبکہ 16 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے بتایا تھا کہ یہ جلدی بیماری ہے، جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے صرف 4 کے لیبارٹری ٹیسٹ منکی پاکس مثبت آئے جبکہ باقی کیسز خسرہ یا چکن پاکس کے تھے۔ بعض بچوں میں غذائی کمی اور دیگر پیچیدگیاں تھیں۔


