خانیوال: گرین لائن ایکسپریس میں ناقص کھانے سے متعدد مسافروں کی حالت غیر ہوگئی ، مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرین کی ڈائننگ کار سے باسی اور ناقص کھانا فراہم کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس میں فراہم کیا گیا باسی اور ناقص کھانا مسافروں کے لیے وبالِ جان بن گیا۔
خانیوال کے قریب سفر کے دوران متعدد مسافروں کو قے اور پیٹ درد کی شکایات ہونے لگیں، جس پر مسافروں نے ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔
ریلوے پولیس کی طلبی پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے متاثرہ مسافروں کو طبی امداد فراہم کی۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرین کی ڈائننگ کار سے باسی اور ناقص کھانا فراہم کیاگیا، کھانے سے بدبو آرہی تھی۔
ریلوے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


