خانپور(14 جولائی 2026): بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے دونوں محنت کشوں کی میتیں ان کے آبائی گھروں کو پہنچا دی گئی ہیں، جس کے بعد پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی اور میتیں گھر پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔
شہید ہونے والے 40 سالہ بلال غنی کا تعلق خانپور کے نواحی علاقے بستی جٹکی سے تھا جبکہ 20 سالہ بلال قدیر فلڈ کالونی کے رہائشی تھے۔ ورثا کے مطابق، دونوں نوجوان گزشتہ دو سال سے بلوچستان میں محنت مزدوری کر رہے تھے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ بلال غنی اور بلال قدیر کی نمازِ جنازہ آج ان کے اپنے اپنے آبائی علاقوں میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان کے ضلع واشک میں گذشتہ روز شدت پسندوں کی فائرنگ کے ایک واقعے میں جن پانچ مزدوروں کی ہلاکت ہوئی ان کا تعلق صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔
تاحال کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم بلوچستان کے وزیر اعلی سرفراز بگٹی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماشکیل میں ’نہتے اور بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔‘


