پیر, اپریل 13, 2026
اشتہار

وزیر دفاع کا افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کو دو ٹوک پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہمارے دشمن کو بے شک اپنے گھر میں بسائیں لیکن ساتھ مل کردشمن کا کردار نہ ادا کریں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر افغان حکام بالخصوص افغان عبوری حکومت کے وزیرِ داخلہ سراج الدین حقانی کے نام ایک انتہائی سخت پیغام جاری کیا، یہ بیان پاک-افغان سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حالیہ جھڑپوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

خواجہ آصف نے حقانی خاندان اور افغان پناہ گزینوں کے ساتھ پاکستان کے دہائیوں پرانے تعلقات کو یاد دلاتے ہوئے کہا حقانی صاحب ! آپ کی ماضی کی جنگوں میں پاکستان دل وجان سے آپ کے ساتھ کھڑا تھا، آپ ہمارے مہمان رہے آپ کے خاندانوں کی دہائیوں تک مہمان نوازی کی، لاکھوں مہمانوں میں لاکھوں ابھی بھی پاک سرزمین پر پناہ گزین ہیں، ہماری پاک مٹی سے رزق کماتے ہیں آپ بھی بمعہ خاندان ہمارے مہمان رہے ہیں۔

سوویت یونین کیخلاف ہم نے مل کر جنگ لڑی، آپ کا اور ہمارا ایک ہی ہدف تھا، یہ ہدف آپ کو اور ہمیں امریکا نے دیا تھا، نائن الیون کے بعد ہم نیٹو کے سہولت کار ضرور تھے، ہم پر امریکا کا الزام رہا کہ حقانی نیٹ ورک کے سہولت کار ہیں، ہم سے آپ کا پتہ پوچھا جاتا تھا کچھ یاد ہے آپ کو۔

وزیر دفاع نے مزید لکھا ہم پر آپ کی سہولت کاری کا الزام سچ تھا یا جھوٹ آپ ہی دنیا کو بتا دیں، دونوں نورا کشتیوں میں انیس سواناسی سے نائن الیون تک امریکا نے ہمیں، آپ کو لفٹ کرانا بند کردی، ہم آپ کی آپس کی لڑائیں ختم کراتے رہے سب کو مکہ لے جا کر صلح کراتے رہے، آپ سب ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم نے آپ کی تین نسلوں کی مہان نوازی کی ہے، صلہ کیا ملا آپ قاتلوں کو پناہ دیں ، معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کو سینے سے لگائیں، آپ ہمارے گلی محلوں کو خون سے رنگین کرنے والوں کے حلیف بنے۔

انھوں نے مزید کہا میں کابل گیا آپ سے ملاقات ہوئی تھی، ایک درخواست کی تھی دشمنوں کے حلیف نہ بنیں اعانت نہ کریں، آپ نے رقم مانگی ہم وہ بھی دینے کو تیار تھے مگر ضمانت کوئی نہیں تھی، جس نسبت سےآپ کوحقانی پکارا جاتا ہے وہ بہت عظیم بزرگ تھے،اس نام کی ہی لاج رکھیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم آپ سے کچھ بھی نہیں مانگتے، آپ اپنے گھر راضی رہیں ہم اپنے گھر راضی، ہمارے دشمن کو بے شک اپنے گھربسائیں لیکن ساتھ مل کردشمن کا کردار نہ ادا کریں، اپنی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ روایت،ثقافت،دین سکھاتا ہے جس گھرمیں پناہ لی ہو اس کی خیر مانگتےہیں، اللہ اکبر۔۔۔۔ تمھیں یاد ہو کہ نہ یادہو ۔۔ میڈ ان امریکا جہاد۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں