اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی عمران خان کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر خواجہ آصف نے لکھا کہ عمران خان کو عدلیہ سے غیرمعمولی ریلیف ملا جس پر پوری جماعت نے فیصلے پر جشن منایا ہے، ان کی جشن منانے کی کیفیت قائد کو جیل سے نکالنے کی شدید خواہش کی عکاس ہے۔
انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی کا جشن شدید خواہش کا عکاس ہے کہ کسی طرح نااہل شدہ بانی کو جیل سے نکالا جائے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ شخص ماضی میں سیاست دانوں کو جیل میں ڈالنے اور سختیاں بڑھانے کا مطالبہ کرتا تھا، اس سے بڑا یوٹرن کیا ہوگا کہ اپنے مرد آہن کو جیل سے اسپتال لے جانے کے فریادی ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ خود ساختہ مرد آہن کو آج پوری جماعت جیل سے اسپتال منتقل کروانے کے لیے فریاد کرتی نظر آرہی ہے، اسپتال میں علاج تو پہلے بھی ہوتا رہا اب بھی موثر اور مکمل طبی سہولت پر اعتراض نہیں ہے۔
یہ پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کا شفا اسپتال میں علاج کا حکم، حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا
انہوں نے کہا کہ فیصلے پر خوشیاں منانے سے پہلے پی ٹی آئی کو اپنے بیانیے کے واضح تضادات کا جواب دینا چاہیے، یہ قدرت کا انتقام ہے، تکبر کے ہمالیہ پہاڑ سے آج مارگلہ کی پہاڑیاں کی بلند ہیں۔
خواجہ آصف نے تنقید کرنے کے بعد آخر میں کہا کہ خلوص سے دعا ہے اللہ عمران خان کو تمام بیماریوں سے شفا بخشے۔آمین۔


