استنبول: وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بیت المقدس اسلام کا قبلہ اول ہے۔ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کرنے سے جذبات مجروح ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں جاری او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بیت المقدس اسلام کا قبلہ اول ہے۔ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کرنے سے جذبات مجروح ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی منتقلی اقوام متحدہ قرارداد کی خلاف ورزی ہے۔ امریکی فیصلے کی اقوام عالم مخالفت کر رہی ہیں۔ پاکستان بھی عالمی برادری کے جذبات کے ساتھ ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نے امریکی فیصلے کی مذمت کی۔ فلسطینیوں کو بنیادی حقوق سےمحروم رکھا جاتا ہے۔ فلسطینیوں کے شہر، گھر اور دیہات مقبوضہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فیصلے کے خلاف متفقہ مضبوط رد عمل دینا چاہیئے۔ امریکا اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔