اسلام آباد (28 جنوری 2026): وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پاک فوج اور ریاست کے خلاف جذبات ابھارنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی میں ہمارے فوجی جوانوں کو دہشتگردوں نے بے دردی سے قتل کیا، صوبائی حکومت بتائے اس صورتحال میں پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے؟
خواجہ آصف نے کہا کہ سہیل آفریدی فلمی ڈائیلاگ بول رہے ہیں، ان کی خود کو مارنے کی بات پشتو یا پنجابی فلم کا اسکرپٹ لگتا ہے، روزانہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوتے ہیں کسی قسم کے بڑے آپریشن کا پلان نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی حکومت نے آپریشن کیلئے 4 ارب روپے ریلیف کیلئے جاری کیے، خواجہ آصف
وزیر دفاع نے کہا کہ تیراہ دہشتگردی سے شدید متاثر ہے وہاں بڑا آپریشن ہوگا تو شہریوں کو بھی نقصان ہو سکتا ہے، تیراہ میں کوئی بھی دستہ نہیں بھیجا گیا جب ضرورت ہوگی تو بھیجیں جائیں گے، کے پی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مقامی لوگوں کے تعاون سے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت ریاست کے مدمقابل کھڑی ہوگئی ہے یہ بیانات بھی دیتے رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں مختلف قسم کی آواز ہیں، جو باہر بیٹھے ہیں ان کی زبان کچھ اور ہے، عمران خان کی فیملی اور اسمبلی میں بیٹھے لوگوں کا مؤقف الگ ہے اور جو چھپے ہیں ان کی آواز کچھ اور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں پی ٹی آئی اکثریتی پارٹی ہے اپوزیشن لیڈر اپنا کیوں نہیں لائے، محمود اچکزئی کے ساتھ جو پی ٹی آئی نے ماضی میں کیا وہ سب جانتے ہیں، محمود اچکزئی کی جگہ میں ہوتا تو کبھی پی ٹی آئی پر اعتبار نہ کرتا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


