لندن(21 ستمبر 2025): وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے آئندہ حملہ کیا تو سعودی عرب ہمارے ساتھ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں اےآروائی نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیردفاع کا کہنا تھا سعودی عرب سے معاہدے میں دفاع کی تمام ضروریات شامل ہیں، بھارت نے آئندہ حملہ کیا تو سعودی عرب ہمارے ساتھ ہوگا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا مغربی ملکوں پر انحصار کم ہوگا، جہاں ہم ان کی خدمت کرسکتے ہیں کریں گے، وہ بھی ہماری معاشی ضروریات میں مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے مزید پاکستان لیبر سعودی عرب جائے گے، مزید مسلم ملک بھی اتحاد میں شامل ہوسکتے ہیں، مسلمان دنیا کو نیٹو جیسا اتحاد بنانا چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 18 ستمبر کو ’اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے‘ پر دستخط ہوئے، جس کے تحت کسی بھی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


