The news is by your side.

جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام نیک شگون ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام نیک شگون ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ صدر مملکت نے سمری پر دستخط کر دیے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام نیک شگون ہے، تمام ادارے آئین اور قانون کے مطابق چلنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی تھی، سیاست دان اپنے طرز عمل کو آئین اور قانون کے مطابق لے آئیں۔

گزشتہ روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی پروقار تقریب سے اپنے الوداعی خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج کا بنیادی کام ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہے، وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ دینے والوں کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

آرمی چیف نے کہا تھا: ’پچھلے سال فروری میں فوج نے سوچ و بچار سے فیصلہ کیا کہ آئندہ کسی معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔ کئی حلقوں نے فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ فروری میں یہ فیصلہ کیا کہ فوج اب سیاسی عمل میں کبھی حصہ نہیں لے گی۔ فوج پر تنقید سیاسی جماعتوں کا حق ہے لیکن الفاظ کا غیر مناسب استعمال درست نہیں۔‘

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ایک جھوٹا سیاسی بیانیہ بنا کر فوج کی قیادت پر الزام تراشی کی گئی، فوج کی قیادت کے خلاف غیر مناسب الفاظ میں مہم چلائی گئی، فوج کی قیادت کے پاس جھوٹے بیانیے کا جواب دینے کے لیے کافی مواقع تھے تاہم صبر سے کام لیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں بھی اپنے ماضی کے طرزِ عمل پر نظر ثانی کریں گی، وثوق سے کہہ رہا ہوں کہ اس وقت پاکستان سنگین معاشی مسائل کا شکار ہے، کوئی ایک سیاسی جماعت تنہا پاکستان کو اس معاشی بحران سے نہیں نکال سکتی، تمام سیاسی جماعتیں اس صورتِ حال کا درست ادارک کر کے آگے بڑھیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں