سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شہباز شریف میرے ساتھ والے سیل میں قید تھے انہوں نے میرے لیے اپنے کھانے میں سے کھانا اور گرم پانی کی بوتل بھیجی اور کہلوایا کہ پاوں میں رکھ لینا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف نے مسلم آفس میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس مہینے آپ کی تمام قیادت جیل میں تھی، شہبازشریف، حمزہ شہباز اور میں کوٹ لکھپٹ جیل میں قید تھے، حمزہ کو 18 ماہ ، شہبازشریف 10 ماہ اورمجھے 4 ماہ قید ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت نےثابت کیا ایک شخص نے ذاتی تسکین کے لیے مقدمات بنائے، دو، دو سال گزرنے کے باوجود بھی مقدمات ثابت نہ ہوئے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہم پر احسان کیا اور اس وقت کی حکومت تتربتر ہونا شروع ہوئی، ہمارا کمال اتنا ہے ہمارا قائد اور قیادت صبر کےساتھ کھڑی رہی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارا کوئی کارکن نہیں ٹوٹا استقامت کے ساتھ قائد کی طرح کھڑے رہے، 84 ممبران اسمبلی کا قدم نہیں ڈگمگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت تھی میرے ساتھ کیا سلوک کرنا ہے، ایک ملازم جیل میں آیا مجھ سے پوچھا آپ کو ڈگری چاہیے یا ڈپلوم، مجھے گرم پانی دینےسے انکار کیا گیا ہمیں قید کرنے والوں کی گھٹیا سوچ تھی۔