اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے عناصر چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ واپس آئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایران کے موجودہ حالات کو دو ہزار تئیس کے پاکستان سے مماثل قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات بھی ایک وقت میں آج کے ایران جیسے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے عناصر چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ واپس آئیں، اور نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ انہی مقاصد کے حصول کی کوشش تھی اور یہ عناصر طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی ہیں۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھے نام نہاد پاکستانی ملک کو معاشی استحکام سے دور رکھنا چاہتے ہیں، جبکہ دشمن آج بھی تاک میں ہے، اس لیے قوم کو ہوشیار اور جاگتے رہنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان کی سیاسی پرورش کرنے اور اسکو اقتدار میں لانے والے اور آج پاکستان کو گالیاں نکالنے والوں کو پناہ مہیا کرنے والے سب چاہئیں گے یہ مملکت خداداد انکی تابع ھو جائے دوبارہ انکا پالتو بر سر اقتدار آۓ۔ یاد رکھیں 9مئی کو فوجی تنصیبات پہ حملہ انہی مقا صد کے حصول کی کوشش تھی۔ فرق… pic.twitter.com/ZlipGVe9Kr
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) January 15, 2026
ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں بھی بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تھا، مگر فرق واضح ہے، اس وقت راتوں رات ابھی نندن کو ہاتھ جوڑ کر واپس کیا گیا، جبکہ مئی دو ہزار پچیس میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی، جس پر دنیا حیرت زدہ رہ گئی۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ یہی وہ پاکستان ہے جس نے ایک وقت میں بھارتی پائلٹ کو واپس کیا تھا، اور آج اسی پاکستان کے شہداء نے اپنی قربانیوں سے وطن کو سربلند اور جاوداں کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


